لندن( نئی تازہ سپورٹس ڈیسک) پاکستان شاہینز انگلینڈ کے دورے میں آج اپنے پہلے ون ڈے میچ میں فرسٹ کلاس کاؤنٹیز سلیکٹ الیون کے مدمقابل ہوں گے۔
کینٹ کے ٹون برج اسکول گراؤنڈ میں ٹریننگ کے دوران پاکستانی ٹیسٹ آف اسپنر ساجد خان کے دائیں انگوٹھے میں چوٹ لگنے سے فریکچر ہوگیا، جس کے باعث وہ انگلینڈ کے اس دورے سے باہر ہوگئے ہیں۔
منگل کو پاکستان شاہینز بیکنہم کے کینٹ کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا افتتاحی میچ کھیلیں گے۔
ساجد خان جلد پاکستان واپس لوٹیں گے، جہاں وہ لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اپنا علاج کرائیں گے۔ ٹیم مینجمنٹ نے ساجد خان کی جگہ کسی نئے کھلاڑی کو شامل کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔
سعود شکیل نے کہا کہ ٹیم نے تیاری کے لیے ملنے والے وقت کو بھرپور طریقے سے استعمال کیا۔ اگرچہ بارش نے کچھ مشکلات پیدا کیں، لیکن پھر بھی ہمیں مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے اور سہولیات سے فائدہ اٹھانے کا بھرپور موقع ملا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ انگلینڈ میں وائٹ بال کرکٹ میں عام طور پر بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹیں ملتی ہیں، جہاں زیادہ تر ہائی اسکورنگ میچز ہوتے ہیں۔ ہم نے اسی کے مطابق اپنی تیاری کی ہے۔
سعود شکیل کا کہنا تھا کہ ہمارے مدمقابل کھلاڑی انگلینڈ کی سلیکشن کے لیے زیر غور ہیں، جبکہ ہمارے اسکواڈ میں بھی باصلاحیت نوجوان شامل ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ ایک شاندار سیریز ہوگی، اور کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی سے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے ٹورز کھلاڑیوں کو غیرمعمولی اعتماد عطا کرتے ہیں۔ یہ دورے مستقبل کے لیے مثبت اشارے ہیں اور انہیں جاری رکھنا چاہیے۔
واضح رہے کہ دوسرا ون ڈے میچ جمعے کو بیکنہم میں ہی کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرا میچ 27 جولائی کو ہوو کے فرسٹ سینٹرل کاؤنٹی گراؤنڈ میں شیڈول ہے۔ اس دورے میں پاکستان شاہینز دو تین روزہ میچز بھی کھیلیں گے۔ پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف پہلا میچ 29 سے 31 جولائی تک ہوو کے سینٹرل کاؤنٹی گراؤنڈ میں ہوگا۔
دوسرا تین روزہ میچ ساؤتھ ایشین کرکٹ اکیڈمی اور ایم سی سی ینگ کرکٹرز الیون کے خلاف 3 سے 5 اگست تک کینٹربری کے اسپٹ فائر گراؤنڈ، سینٹ لارنس میں کھیلا جائے گا۔
قائداعظم یونیورسٹی 31 اگست تک بند، سمر سیشن بھی منسوخ کر دیا گیا