اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے ترنول کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے پچاس سے زائد زندہ گدھے اور تقریباً پچیس من (تقریباً ایک ہزار کلوگرام) تیار شدہ گوشت برآمد کر لیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ برآمد کیا جانے والا گوشت مقامی مارکیٹ کے بجائے بیرونِ ملک سپلائی کیا جا رہا تھا۔ اس کارروائی کے دوران ایک غیر ملکی شہری کو بھی موقع سے گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی نے ملوث افراد کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ضبط شدہ گوشت کو صحت کے اصولوں کے مطابق موقع پر ہی تلف کیا جا رہا ہے تاکہ یہ کسی صورت بھی انسانی استعمال میں نہ آ سکے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے بتایا کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے مجموعی طور پر پچیس من گوشت قبضے میں لیا ہے اور اس بات کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے کہ یہ گوشت ماضی میں کن کن علاقوں میں سپلائی کیا گیا۔