بھارت میں ایک ایسا حیرت انگیز اور ناقابلِ یقین واقعہ پیش آیا ہے جس نے سب کو حیرت زدہ کر دیا۔
ریاست بہار کے ضلع چمپارن کے ایک گاؤں میں ایک سالہ بچے نے کھیلتے کھیلتے زہریلے کوبرا سانپ کو کاٹ کر مار ڈالا اور معجزانہ طور پر خود بھی محفوظ رہا۔
مقامی میڈیا اور اسپتال ذرائع کے مطابق ننھا گووندا اپنے گھر کے صحن میں کھیل رہا تھا کہ تقریباً دو فٹ لمبا کوبرا اچانک گھر میں داخل ہوگیا۔ بچے نے اسے کھلونا سمجھ کر پکڑ لیا اور منہ میں ڈال کر زور سے کاٹ لیا۔ بچے کے کاٹنے سے زہریلا سانپ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق بچے کی نانی نے یہ منظر دیکھ کر چیخ ماری، مگر اس وقت تک بچہ سانپ کو دو حصوں میں کاٹ چکا تھا۔ واقعے کے فوراً بعد بچہ بے ہوش ہوگیا، جس پر اہلِ خانہ اسے فوری طور پر قریبی پرائمری ہیلتھ سینٹر لے گئے۔ وہاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کے لیے اسے بیتیا کے گورنمنٹ میڈیکل کالج منتقل کیا گیا۔
اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر دوی کانت مشرا کے مطابق بچے کے جسم میں زہر کی کوئی علامت نظر نہیں آئی، تاہم اسے مکمل طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے اور اگر کوئی علامت ظاہر ہوئی تو فوری علاج شروع کیا جائے گا۔ بچے کی نانی کے مطابق واقعے کے وقت بچے کی والدہ لکڑیاں چننے کے لیے گھر سے باہر گئی ہوئی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انوکھا واقعہ گاؤں میں ہر کسی کے لیے گفتگو کا موضوع بن گیا ہے اور لوگ بچے کو دیکھنے آ رہے ہیں۔