لاچین ( نئی تازہ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف ایران کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد آذربائیجان کے شہر لاچین پہنچ گئے، جہاں ایئرپورٹ پر آذربائیجان کے وزیر خارجہ اور پاکستان کے سفیر نے ان کا استقبال کیا۔ ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لیے لاچین پہنچے ہیں، جس میں پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان شامل ہیں۔ اس دوران وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے بعد تاجکستان کا دورہ کریں گے۔
ایران کے دورے کے دوران وزیراعظم نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای، صدر مسعود پزشکیان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات، تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بھارت کی جانب سے مسلط کردہ جنگ کے دوران ایران کے کردار کو سراہا گیا، جبکہ غزہ میں جاری صیہونی مظالم کی فوری روک تھام اور دو طرفہ سٹریٹجک تعلقات کی مضبوطی پر بھی گفتگو ہوئی۔