اسلام آباد (رپورٹ : حافظ عبیدالرحمٰن ) راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) نے آئندہ مدت کے لیے نئے عہدیداران کا انتخاب کرلیا، ابوبکر بن طلعت صدر، سید ارسلان شیرازی جنرل سیکریٹری اور ناصر عباس نقوی فنانس سیکریٹری منتخب ہو گئے۔
رسجا انتخابی عمل کی نگرانی تین رکنی الیکشن کمیٹی شہریار خان (چیئرمین)، عاصم جیلانی اور رانا فرحان اسلم (ارکان) نے کی۔ الیکشن نتائج کے مطابق 59ارکان نے متفقہ طور پر ایک پینل کی سپورث کی جس کے بعد نوجوان اسپورٹس جرنلسٹ ابوبکر بن طلعت کو بلامقابلہ صدرمنتخب کرلیا گیا جبکہ بلامقابلہ منتخب ہونیولے دیگر عہدیداران میں سید ارسلان شیرازی جنرل سیکریٹری، ناصر عباس نقوی فنانس سیکریٹری، ذوالفقار بیگ (سینئر نائب صدر)، عقیل انجم اور اصغر علی مبارک (نائب صدور)، حافظ عبیدالرحمٰن اور عاصم ریاض (جوائنٹ سیکریٹریز) شامل ہیں۔
رسجا کی ایگزیکٹو باڈی میں فہیم انور خان، افضل جاوید، زاہد فاروق ملک، ناصر اسلم راجہ، ذیشان قیوم، سہیل راجہ، ارفع فیروز ذکی، کرن خان، اویس عباسی اور فرحان جعفری شامل ہیں۔ سینئر اسپورٹس صحافی عبدالمحی شاہ رسجا کے پیٹرن اور ملک شکیل اعوان چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
اس موقع پر نومنتخب صدر ابوبکر بن طلعت اور سیکریٹری ارسلان شیرازی نے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ایسوسی ایشن کے اقدار کو برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کی سرگرمیاں باقاعدگی سے جاری رکھی جائیں گی اور حقیقی اسپورٹس صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔
نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی، سیکریٹری شراز گردیزی، فنانس سیکریٹری وقار عباسی، آرآئی یو جے کے صدر طارق ورک اور دیگر نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ نئی باڈی صحافی برادری کے لیے مثالی خدمات انجام دے گی۔ 1986 میں قائم ہونے والی رسجا راولپنڈی اور اسلام آباد کی واحد رجسٹرڈ تنظیم ہے جو اسپورٹس صحافت کے فروغ اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف ہے۔