اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے جنوری 2026 کے دوسرے پندرہ روزہ دورانیے کے لیے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے مطابق 16 جنوری سے 31 جنوری تک پٹرول کی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 257 روپے 08 پیسے فی لیٹر ہی وصول کی جائے گی۔
یکم جنوری کو حکومت نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 28 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 8 روپے 57 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی۔ یہ کمی اوگرا کی سفارشات پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور روپے کے مقابلے ڈالر کے استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی تھی۔
پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ہر پندرہ روز بعد کیا جاتا ہے اور ان پر عالمی خام تیل کی قیمتوں، روپے اور ڈالر کے تبادلہ ریٹ، حکومتی ٹیکسز اور لیویز کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف سے وابستہ مالیاتی شرائط براہِ راست اثر انداز ہوتی ہیں۔ برینٹ کروڈ اس وقت تقریباً 59 ڈالر فی بیرل کے قریب ہے جبکہ پٹرولیم لیوی فی لیٹر 78 تا 82 روپے کے درمیان وصول کی جا رہی ہے۔
گزشتہ برسوں میں قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔ ستمبر 2023 میں پٹرول کی قیمت بلند ترین سطح 331 روپے فی لیٹر تک جا پہنچی تھی، جبکہ ستمبر 2024 میں یہ کم ہو کر تقریباً 247 روپے تک آ گئی۔ 2025 میں قیمتوں میں بار بار ردوبدل ہوا، جولائی میں یہ 272 روپے تک پہنچیں اور مئی میں 252 روپے تک کم ہوئیں۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ عالمی سطح پر قیمتوں میں معمولی کمی آئی ہے، حکومت نے مزید کمی کے بجائے مالیاتی استحکام کو ترجیح دی ہے۔ عوامی توقعات تھیں کہ پٹرول کی قیمت 250 روپے فی لیٹر سے نیچے آ جائے گی، تاہم حکومت نے ریونیو ضروریات اور بلند لیویز کے پیش نظر قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔







