لاہور ( نئی تازہ ڈیسک) وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے وضاحت کی ہے کہ پنجاب کے تمام اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں شروع ہو چکی ہیں۔
تاہم 28 مئی یومِ تکبیر کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات کے لیے اسکول صرف دو گھنٹے کے لیے کھلے رہیں گے۔ یہ تقاریب صبح 7 بج کر 30 منٹ سے لے کر 9 بج کر 30 منٹ تک جاری رہیں گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایک سرکاری مراسلے میں 28 مئی کی چھٹی منسوخ کرنے کابتایا گیا تھا،مراسلے میں کہا گیا تھا کہ اس دن اسکول کھلے رہیں گے اور صرف تقاریب منعقد ہوں گی۔ اس فیصلے پر طلباء اور اساتذہ میں بے چینی دیکھنے میں آئی تھی، جس کے بعد اب وضاحت جاری کی گئی ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کے مراسلے میں کہا گیا تھا 28 مئی کو صوبے کے تمام سکول کھلے رہیں گے، اس حوالے سے تمام ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کو مطلع کر دیا گیا، اس دن مارننگ اسمبلی میں سپیشل پروگرامز، ملی نغمے اور پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
مراسلے میں تمام اضلاع میں یوم تکبیر کی اہمیت پرتقریری مقابلے، آرٹ اورملی نغموں کے مقابلوں کی ہدایت کی گئی ہے۔