لاہور( نئی تازہ ڈیسک) رمضان المبارک اور عیدالفطر کی تعطیلات کے پیشِ نظر لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے سفارش کی گئی ہے کہ میٹرک کے امتحانات عیدالفطر کے بعد 27 مارچ 2026 سے شروع کیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور بورڈ نے اس ضمن میں امتحانات کے مجوزہ شیڈول کی منظوری کے لیے پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمینز (PBCC) سے باضابطہ اجازت طلب کر لی ہے۔ پی بی سی سی کی منظوری کے بعد میٹرک کے سالانہ امتحانات کی حتمی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا، جس کا اطلاق پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز پر ہو گا۔
تعلیمی حکام کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران امتحانات کے انعقاد میں طلبہ کو درپیش مشکلات، روزے کی حالت میں طویل امتحانی اوقات اور عیدالفطر کی تعطیلات کو مدنظر رکھتے ہوئے شیڈول میں رد و بدل ناگزیر تھا۔
دوسری جانب طلبہ کی جانب سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔ بعض طلبہ کا کہنا ہے کہ امتحانات یکم مارچ سے شروع ہونے چاہئیں اور عیدالفطر کے موقع پر ایک ہفتے کی تعطیلات دی جائیں، تاکہ امتحانی تسلسل برقرار رہے۔ طلبہ نے اس امر کی نشاندہی بھی کی ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا آغاز 23 مارچ سے ہو رہا ہے، جس کے باعث سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل امتحانی انتظامات کو متاثر کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے لیے یکساں شیڈول مرتب کرنے کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے، تاکہ تمام بورڈز میں امتحانی نظام میں ہم آہنگی برقرار رکھی جا سکے۔




