کراچی ( نئی تازہ رپورٹ) آئی ایم ایف معاہدے میں تاخیراورغیر یقینی صورتحال کی وجہ سے بدھ کو ڈالر کے نرخ میں ایک بار پھرتیزی سے اضافہ ہوگیا۔انٹر بینک میں ڈالر 4 روپے 61 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 266 روپے 11 پیسے پر بند ہوا۔ گزشتہ روز ڈالر 261 روپے 50 پیسے پر بند ہوا تھا۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر 8 روپے مہنگا ہونے کے بعد 275 روپے کا ہو گیا۔اوپن مارکیٹ کے آخری 4 سیشن میں ڈالر 11 روپے مہنگا ہوا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ 2 روز کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 6.19 روپے مہنگا ہوا۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ جمعہ تک متوقع ہے، پیشگی شرائط پوری کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت شرح سود میں 2 فیصد اضافہ متوقع ہے، پالیسی ریٹ میں ردوبدل ہونے کے بعد پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جمعرات کی شام اہم مذاکرات کا امکان ہے، پاکستانی حکام پالیسی ریٹ میں اضافے اور بجلی سرچارج سے متعلق بریفنگ دیں گے۔ اس دوران ایف بی آر نے 177 ارب روپے کے منی بجٹ سے متعلق وضاحتی سرکلر جاری کیا ہے، اسٹینڈرڈ جی ایس ٹی ریٹ 17 سے بڑھاکر 18 فیصد کردیا گیا ہے، اضافی جی ایس ٹی کا اطلاق کلب، بزنس اور فرسٹ کلاس ایئر ٹکٹ پر ہوگا۔