اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں عام انتخابات کے سلسلہ میں سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشانات الاٹ کرنے کے لئے درخواستیں طلب کر لیں۔درخواستیں الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 216 کے تحت طلب کی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتیں اپنے نمائندوں کے ذریعے انتخابی نشان الاٹ کرنے کے لیے درخواستیں آٹھ مارچ تک جمع کرا سکتی ہیں، درخواستیں مقررہ تاریخ تک سیکرٹری الیکشن کمیشن کو بھیجی جا سکتی ہیں۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ تاخیر سے جمع کرائی گئی درخواستوں کو زیر غور نہیں لایا جائے گا، انتخابی نشان کے لئے تمام درخواستیں بیان حلفی کے ساتھ جمع کرانا ہو ں گی۔
قبل ازیں پنجاب اور خیبرپختونخوا الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخابات کے معاملے پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا اجلاس کل جمعرات کی صبح 11 بجے دوبارہ ہوگا، اجلاس میں صدر سے مشاورت بارے فیصلہ کیا جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا الیکشن بارے ازخود نوٹس کیس کے فیصلہ میں دونوں صوبوں میں انتخابات 90 دنوں میں کرانے کا حکم جاری کیا ہے۔