راولپنڈی کے تینوں الائیڈ ہسپتالوں میں ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
تمام ایمرجنسی ڈاکٹرز کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا ہے۔ یہ ہائی الرٹ ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر جاری کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ ریہرسل بھی کی گئی ہے۔
ہولی فیملی، ڈی ایچ کیو اور بینظیر بھٹو ہسپتال میں ڈاکٹرز اور معاون عملہ ہائی الرٹ پر ہیں، جبکہ عملے کو ہدایت دی گئی ہے کہ کوئی بھی فون بند نہ کرے۔
ایمرجنسی وارڈز میں ادویات، خون، سرجیکل سامان اور آکسیجن کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے، اور مریضوں کی بروقت نگہداشت کے لیے اضافی طبی عملہ بھی متحرک رکھا گیا ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کی ہدایت پر یہ الرٹ جاری کیا گیا، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر اسپتالوں کا رخ نہ کریں۔ تمام ایمرجنسی سہولیات مکمل فعال ہیں اور ریسکیو ڈیسک بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔ متعلقہ اداروں کو بھی ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔
وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے الائیڈ ہسپتالوں کے تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور شعبہ جات کے سربراہان سے مشاورت کے بعد ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔
قبل ازیں، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے پمز، پولی کلینک اور سی ڈی اے ہسپتالوں کا دورہ کیا اور وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تمام نان ایمرجنسی سرجریز ملتوی کر دی گئی ہیں، بیڈز مختص کیے گئے ہیں، ڈاکٹرز کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور ڈی سی کی ہدایت پر مجسٹریٹس ہر وقت ہسپتالوں میں موجود رہیں گے۔