کراچی ( نئی تازہ ڈیسک) سندھ حکومت نے صارفین سے ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی قبول نہ کرنے والےریسٹورنٹس اور شاپنگ مالز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔
محکمہ بیورو آف سپلائی پرائسز کی سندھ کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی نے اس خلاف ورزی پر کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع کراچی بروسٹ، فرنٹیئر، بیٹھک، نہاری ان اور دیسی ڈیرا کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
ڈی جی زاہد حسین کے مطابق سندھ کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2014 کی خلاف ورزی پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ان کاروباری اداروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں جو ریسٹورانٹس صارفین کو کارڈ کے ذریعے ادائیگی کی سہولت فراہم نہیں کرتے، ان کے خلاف سخت قانونی اقدام اٹھایا جائے گا۔
زاہد حسین شر نے بتایا کہ عوامی شکایات کی روشنی میں اتھارٹی نے ایکٹ کے سیکشن 23(4) کے تحت معاملے کا نوٹس لیا ہے اور انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ صارفین کو ریلیف دیا جا سکے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر میر شاہنواز نے کہا کہ متعلقہ کاروباروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اس خلاف ورزی کو ختم کریں، اور اداروں کے مالکان یا ان کے نمائندے اتھارٹی کے دفتر میں پیش ہو کر نوٹس کا جواب دیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وہ پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ صارفین کو ادائیگی کے مختلف ذرائع مہیا کرنا کاروباری اداروں کی ذمہ داری ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔