پاک بھارت جنگ بندی کے بعد ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن بحال ہو چکا ہے، تاہم بیک لاگ کے باعث فلائٹ شیڈول اب بھی متاثر ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اتوار کو بھی ملک بھر میں 150 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، جن میں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 45، لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 38 اور اسلام آباد کے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 40 پروازیں شامل ہیں۔ منسوخ ہونے والی پروازوں میں 138 بین الاقوامی پروازیں ہیں۔
ملتان کی 10، پشاور کی 11 اور سیالکوٹ کی 6 پروازیں آپریشنل وجوہات کے باعث منسوخ کی گئیں۔
ادھر کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے اندرون اور بیرون ملک فلائٹس کا آپریشن جاری ہے۔ قومی ایئرلائن (PIA) کی خلیجی ممالک کے لیے پروازیں آج شیڈول کے مطابق روانہ ہو رہی ہیں۔ تاہم کراچی سے متعدد پروازیں منسوخ ہوئیں اور کچھ فلائٹس تاخیر کا شکار رہیں۔
اسلام آباد سے دبئی اور کوئٹہ کے لیے پروازوں کی روانگی کچھ دیر بعد متوقع ہے۔ کراچی سے مدینہ کے لیے PIA کی پرواز روانہ ہوئی، جب کہ کراچی سے اسلام آباد کے لیے دو پروازیں وقت پر روانہ ہوئیں۔ دوسری جانب کراچی سے نجی ایئرلائنز کی کئی پروازیں منسوخ ہوئیں۔
فلائٹ آپریشن کی بحالی کے بعد دمام، مدینہ اور جدہ سے پروازیں کراچی پہنچ چکی ہیں۔ لاہور سے مدینہ، دبئی اور کراچی کے لیے پانچ پروازیں روانہ ہو چکی ہیں، جب کہ باکو اور مشہد کے لیے بھی پروازیں شیڈول ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ تین دنوں کے دوران پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے بارہا فضائی آپریشن معطل اور بحال کیا جاتا رہا۔ پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ NOTAMs کے باعث ایئرلائنز کو مشکلات کا سامنا رہا اور بعض ایئرلائنز نے اپنا آپریشن بھی معطل کر دیا تھا۔
تاہم جنگ بندی کے اعلان کے بعد پاکستان نے اپنی فضائی حدود تمام پروازوں کے لیے مکمل طور پر کھول دی ہیں، لیکن فلائٹ شیڈول میں تاخیر اور کچھ پروازوں کی منسوخی مسافروں اور ایئرلائنز کو اب بھی مشکلات میں ڈال رہی ہے۔