اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) سینیٹ میں آٹھ فروری 2024 کے عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد منظور کرلی گئی۔
جمعہ کوسپیکر صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہونے والے ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر دلاور خان کی طرف سے قرارداد پیش کی گئی۔ اس وقت ایوان میں 14 ارکان موجود تھے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آٹھ فروری کا الیکشن شیڈول معطل کرے، الیکشن کے لیے سازگار ماحول موجود نہیں، قرارداد میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن پر حال ہی میں ہونے والے حملے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ دیگر سیاسی رہنماؤں کو بھی دھمکیاں مل رہی ہیں۔
قرارداد کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں صورتِ حال بہت خراب ہے، وہاں دہشت گردی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ محکمۂ صحت بھی عندیہ دے چکا ہے کہ کورونا وائرس پھیل رہا ہے،چھوٹے صوبوں میں الیکشن مہم کے لیے مساوی حق بہت ضروری ہے۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ خان نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی کے معاملے کو جواز بنا کر الیکشن موخر نہیں کرنا چاہیے۔ اس موقع پروزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بھی الیکشن ملتوی کرنے کی قرارداد کی مخالفت کی ۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ملک بھر میں عام انتخابات آٹھ فروری 2024 کو کروانے کا اعلان کر چکا ہے، جس کے لیے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔