لاہور (نئی تازہ رپورٹ ) پنجاب پولیس نے پیٹرول کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا چھپایا گیا لاکھوں لیٹر پیٹرول برآمد کر لیا۔پولیس نے ذخیرہ اندوز ی کی شکایات پر شیخو پورہ اور قصور کے علاقوں میں آپریشن کیا۔ڈی پی او شیخوپورہ زاہد مروت نے بتایا کہ پولیس نے شہر میں پیٹرول کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن کر کے 30 کروڑ روپے مالیت سے زائد کا پیٹرول برآمد کیا ہے جبکہ کئی آئل ٹینکر بھی قبضے میں لے لیے ہیں۔جن کی تعداد ایک درجن سے زائد ہے۔
ڈی پی او کے مطابق آئل ٹینکر گوداموں میں چھپا کر رکھے گئےتھے ، میڈیا رپورٹ کے مطابق پیٹرول مافیا کے خلاف قصور کے علاقوں پتوکی اور پھولنگر میں بھی گرینڈ آپریشن کیا گیا جہاں دو ڈپوئوں سے 13 لاکھ لیٹر تیل اور ڈیزل برآمد ہوا جس کی مالیت 33 کروڑ روپے سے زائد ہے، پولیس ٹیموں نے درجن سے زائد آئل ٹینکر بھی قبضہ میں لیے ہیں۔ڈی پی او قصور عزیز سندھو کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان کے خلاف پولیس کی مدعیت میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ قیمتیں بڑھنے کے امکان کے پیش نظر ذخیرہ اندوزوں نے کئی روز سے پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا کر رکھی ہے اور کئی شہروں میں پیٹول کی فروخت محدود یا معطل کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے خبر دار کیا تھا اور کہ تیل ذخیرہ کرنے والے پمپس کے لائسنس منسوخ کردیں گے ، آئی جی پنجاب کی طرف سے پیٹرول ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کے احکامات جاری کئے گئے تھے۔