اسلام آباد: پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے حالیہ مالیاتی جائزے کا اہم دور اب اپنے اختتامی فیصلے قریب پہنچ گیا ہے، اور قرض پروگرام کی نئی قسط پر حتمی فیصلہ کل متوقع ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 8 دسمبر کو طلب کر لیا گیا ہے، جس کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس میں پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی قسط کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔ اس میں سے 1 ارب ڈالر باقاعدہ قرض پروگرام کے تحت جبکہ 20 کروڑ ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کی مد میں شامل ہوں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 14 اکتوبر کو اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا تھا اور پاکستان نے قسط کے حصول کے لیے تمام ضروری شرائط مکمل کر لی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے شرط عائد کی تھی کہ بورڈ اجلاس سے پہلے کرپشن اینڈ گورننس ڈایاگناسٹک رپورٹ جاری کی جائے، جو پاکستان کی جانب سے باضابطہ طور پر جاری کر دی گئی ہے۔







