اسلام آباد ( نئی تازہ نیوز) وفاقی نظامتِ تعلیم (ایف ڈی ای) کے زیرِ انتظام تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کے ماڈل اسکولز اور کالجز میں سردیوں کی چھٹیاں 26 دسمبر 2025 سے شروع ہوں گی۔ ایف ڈی ای کے تحت تمام تعلیمی ادارے 3 جنوری تک بند رہیں گے، جبکہ تعلیمی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز 5 جنوری 2026 بروز پیر سے کیا جائے گا۔
ادھر خیبرپختونخوا میں بھی موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری تعلیم خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے کے سمر زون کے تعلیمی اداروں میں یکم جنوری سے 15 جنوری تک تعطیلات ہوں گی، جبکہ ونٹر زون کے اسکول اور کالجز 22 دسمبر سے 28 فروری تک بند رہیں گے۔
پنجاب میں موسمِ سرما کی تعطیلات 23 دسمبر 2025 سے شروع ہو کر 11 جنوری 2026 تک جاری رہیں گی۔ صوبے بھر میں سرکاری اور نجی اسکول 12 جنوری کو دوبارہ کھلیں گے۔
دوسری جانب بلوچستان کی وزارتِ تعلیم کے مطابق سرد علاقوں میں 16 دسمبر سے اڑھائی ماہ کے لیے سرکاری اور نجی اسکول بند رہیں گے، اور یہ شیڈول صوبے کے تمام تعلیمی اداروں پر یکساں طور پر نافذ ہو گا۔
اسی طرح سندھ میں بھی موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے، جہاں 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے، جبکہ یکم جنوری سے تدریسی سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال کر دی جائیں گی۔





