اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے آئندہ مالی سال کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں فی یونٹ 1 روپے 50 پیسے کمی کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیپرا نے یہ فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔ مجوزہ ٹیرف کے تحت آئندہ مالی سال کے لیے بجلی کا نیا بنیادی نرخ 34 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے، جو کہ رواں مالی سال کے موجودہ نرخ 35 روپے 50 پیسے فی یونٹ سے کم ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صارفین کے لیے بنیادی ٹیرف کا حتمی اعلان وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
ادھر مئی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا کو بجلی 10 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دی ہے، جس پر سماعت 30 جون کو ہوگی۔
واضح رہے کہ ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے-الیکٹرک کے صارفین پر نہیں ہوگا۔