اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے تعلیمی سال 2024-25 کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز میں داخلے کا میرٹ کم کر دیا ہے۔ اب ایم بی بی ایس میں داخلے کے لیے 50 فیصد اور بی ڈی ایس کے لیے 45 فیصد نمبر رکھنے والے طلبہ بھی اہل ہوں گے۔ یہ رعایت صرف ایک بار کے لیے دی گئی ہے تاکہ بالخصوص پنجاب اور سندھ کے نجی اداروں میں سینکڑوں خالی نشستوں کو پُر کیا جا سکے۔ تمام داخلے تین دن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ایم ڈی سی کے ایک عہدیدار کے مطابق اس فیصلے سے سیکنڈ ڈویژن کے طلبہ کو بھی میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ تاہم کونسل نے واضح کیا ہے کہ یہ صرف موجودہ سیشن کے لیے ہے اور آئندہ اسے مثال نہیں بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ پی ایم ڈی سی نے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز کی سالانہ فیس 18 لاکھ روپے مقرر کر دی ہے۔ سیشن 2025 کے لیے 5 فیصد اضافے کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ 2026 سے ہر سال فیس میں اضافہ مہنگائی کی شرح (کنزیومر پرائس انڈیکس) کے مطابق کیا جائے گا۔
جو کالجز نے پہلے ہی مقررہ حد سے زیادہ فیس وصول کر چکے ہیں، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اضافی رقم واپس کریں یا آئندہ سیشنز میں ایڈجسٹ کریں۔
پاکستان ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل انسٹی ٹیوشنز (PAMI) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ریاض جنجوعہ نے تصدیق کی کہ یہ فیصلہ حکومت کی قائم کردہ کمیٹی نے کیا ہے، جس کی سربراہی ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کر رہے ہیں، اور تمام اداروں کے لیے اس پر عمل کرنا لازمی ہے۔
یہ اصلاحات وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بنائی گئی میڈیکل ایجوکیشن ریفارمز کمیٹی کی سفارشات پر کی گئی ہیں، جن کا مقصد میڈیکل تعلیم کو مزید شفاف، سستی اور عام طلبہ کے لیے قابلِ رسائی بنانا ہے۔