لاہور( نئی تازہ نیوز) حکومت پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر میں کالجوں اور یونیورسٹیوں کے تمام امتحانات پیر، 12 مئی 2025 سے دوبارہ شروع ہوں گے۔
پنجاب کے تمام 9 تعلیمی بورڈز جن میں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال شامل ہیں، اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق امتحانات لیں گے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق تمام سرکاری و نجی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیمی اور انتظامی سرگرمیاں بھی 12 مئی سے بحال ہو جائیں گی۔
معطل کیے گئے امتحانات کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان متعلقہ تعلیمی بورڈز یا ادارے جلد کریں گے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھارت اور پاکستان کے درمیان سرحدی کشیدگی کے باعث تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے اور امتحانات ملتوی کر دیے گئے تھے۔
اب جبکہ صورتحال معمول پر آ گئی ہے اور سیز فائر ہو چکا ہے، حکومت نے تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے۔
طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے پرانے امتحانی شیڈول پر عمل کریں اور ملتوی شدہ پیپرز کی نئی تاریخوں کے لیے اپنے اداروں یا بورڈز سے رابطے میں رہیں۔