پنجاب میں شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر صوبائی حکومت نے اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات قبل از وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے مطابق اسکولوں کی گرمیوں کی تعطیلات 28 مئی 2025 سے شروع ہوں گی۔ یہ اعلان انہوں نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔
گرمی کی شدت کے باعث اسکولوں کے اوقات کار میں بھی کمی کردی گئی ہے۔ اب اسکول صبح 7:30 بجے سے 11:30 بجے تک کھلے رہیں گے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اس سال گرمی کی لہر معمول سے زیادہ شدید ہو سکتی ہے، جس کے باعث محکمہ تعلیم صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید اقدامات بھی کر سکتا ہے، اور چھٹیوں میں رد و بدل کا امکان موجود ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال پنجاب میں گرمیوں کی تعطیلات یکم جون سے 14 اگست تک تھیں، تاہم اس بار گرمی کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے تعطیلات کا آغاز کچھ دن پہلے کیا جا رہا ہے۔
والدین اور طلباء سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ابہام سے بچنے کے لیے محکمہ تعلیم کی طرف سے جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن یا اعلانات کا انتظار کریں۔