کراچی ( نئی تازہ رپورٹ) پٹرولیم کمپنی شیل پاکستان کی پیرنٹ کمپنی نے شیل گروپ میں اپنے حصص فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں فیصلے کی منظوری دے دی گئی ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شیل پیٹرولیم کمپنی (SPCO)، شیل گروپ کی پیرنٹ کمپنی ہے اور77 فیصد مقامی آپریشنز کی مالک یہی کمپنی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کمپنی کو 2022 میں ایکسچینج ریٹ، پاکستانی روپے کی قدر میں کمی، اور واجب الادا وصولیوں کی وجہ سے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
ایس پی ایل کی طرف سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ شیل پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 14 جون کو ہونے والی میٹنگ کو شیل پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ نے اپنے شیئرز فروخت کرنے کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
خط میں واضح کیا گیا ہے کہ اس اعلان سے پاکستان میں شیل پاکستان لمیٹڈ کی جاری کاروباری سرگرمیوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔تاہم شیل پاکستان کا اسٹاک ایکسچینج کو لکھا گیا خط سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اسے پاکستان میں شیل کا کاروبار بند کرنے کے اعلان سے تعبیرکر رہے ہیں۔











