اسلام آباد ( نئی تازہ ڈیسک) کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے منگل کو باضابطہ طور پر انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
نئے آئی جی اسلام آباد کی سینٹرل پولیس آفس آمد پر پولیس افسران اور اہلکاروں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
چارج سنبھالنے کے بعد کیپٹن (ر) سہیل چوہدری نے پولیس کے سینئر افسران سے تعارفی ملاقاتیں کیں اور پیشہ ورانہ و انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے سینٹرل پولیس آفس کے اسٹاف سے بھی ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
نئے آئی جی نے یادگارِ شہدا پر بھی حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور پولیس شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور پولیس فورس ان کے مشن کو آگے بڑھائے گی۔
کیپٹن (ر) سہیل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کو بروقت اور مؤثر پولیس سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی سہولیات میں بھی مزید بہتری لائی جائے گی۔
نئے آئی جی نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے پولیسنگ کے نظام کو بہتر بنانے، جبکہ اسلام آباد پولیس میں احتساب اور نظم و ضبط کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔
وفاقی حکومت نے 12 ستمبر کو سینئر پولیس افسران کی تبدیلیوں کے تحت کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کو انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس تعینات کیا تھا۔ وہ اس سے قبل پنجاب حکومت کے ماتحت خدمات انجام دے رہے تھے۔
حکومت نے اسلام آباد کے سابق آئی جی سید علی ناصر رضوی کو تبدیل کرتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا تھا۔ رضوی مارچ 2024 سے اسلام آباد پولیس کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
کیپٹن (ر) سہیل چوہدری نے اس سے قبل پنجاب پولیس میں چیف ٹریفک آفیسر لاہور، سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ڈی آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور ریجنل پولیس آفیسر ملتان سمیت مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور شہریوں کے تحفظ اور قانون کی عملداری کے لیے پولیس پوری ذمہ داری سے فرائض انجام دے گی۔



