کراچی( نئی تازہ رپورٹ) سپارکو نے ذوالحج کے چاند اور عید الاضحیٰ کے حوالے سے ابتدائی فلکیاتی ڈیٹا جاری کر دیا ہے۔ ترجمان سپارکو کا کہنا ہے کہ 17 مئی کو غروبِ آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی، جس کی بنا پر اس شام چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی واضح اور سازگار ہیں۔
سائنسی حسابات کے مطابق یکم ذوالحج 1447 ہجری بروز پیر 18 مئی کو ہونے کی توقع ہے، اس طرح ملک بھر میں عید الاضحیٰ 27 مئی 2026 کو منائی جائے گی۔ تاہم ترجمان نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ چاند کی رویت کا حتمی اور شرعی فیصلہ پاکستان کی مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔
مئی کے اواخر میں عید کی آمد کے باعث ملک کے بیشتر حصوں میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔ اس وقت پاکستان میں موسم گرما اپنے جوبن پر ہوتا ہے، اس لیے شہریوں کو قربانی کے فرائض کی ادائیگی اور نمازِ عید کے اجتماعات کے دوران ہیٹ ویو سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق خاص طور پر کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں سمندری ہواؤں کے رخ اور نمی کے تناسب پر نظر رکھنا ضروری ہوگا تاکہ مویشی منڈیوں اور کھلے مقامات پر سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
یہ بھی پڑھیں :پنجاب بھر کے اسکولوں میں موسمِ گرما کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان
انتظامی سطح پر عید سے قبل ملک بھر میں مویشی منڈیوں کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے، جہاں بیوپاریوں اور خریداروں کا رش بڑھتا جا رہا ہے۔ حکومتِ کی جانب سے عید کی تعطیلات کا اعلان رویتِ ہلال کمیٹی کے حتمی فیصلے کے بعد کیا جائے گا۔



