اسلام آباد ( نئی تازہ نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں معاشی صورتحال بہتر ہونے اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری اور براہِ راست عوام تک پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ الحمدللہ، قوم سے کیا گیا ایک اور بڑا وعدہ پورا کرنے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے جمعہ کو پاکستان کی کامیاب ثالثی کے نتیجے میں خطے اور عالمی سطح پر امن کے قیام کے بعد ملکی معیشت اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے ایک انتہائی اہم بیان جاری کیا ہے۔
وزیراعظم کے اعلان کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کی کمی کی جا رہی ہے۔ اس تاریخی ریلیف کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے پر آ جائے گی جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت بھی 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپےر ہو جائے گی، جس کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے، اس تکلیف دہ صورتحال میں پاکستانی قوم نے جس صبر و تحمل اور بے مثال یکجہتی کا مظاہرہ کیا، وہ لائقِ تحسین ہے اور حکومتِ وقت ان مشکل حالات میں ساتھ دینے پر عوام کی تہہ دل سے مشکور ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بحران کے آغاز سے ہی حکومتی سطح پر کفایت شعاری کو اپنایا گیا اور وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ سے اور کفایت شعاری سے کی گئی بچت کے ذریعے 129 ارب روپے استعمال کرکے ملک بھر کے عوام کو تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے سے ممکنہ حد تک ریلیف اور سبسڈی فراہم کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جب دنیا کے متعدد ممالک معاشی دباؤ کے باعث فیول راشننگ جیسے سخت اقدامات اٹھا رہے تھے، حکومتِ پاکستان کی بہترین حکمتِ عملی اور دور اندیشی کی بدولت ملک کسی بھی قسم کے توانائی کے بحران سے محفوظ رہا۔ ان موثر اقدامات کی وجہ سے نہ تو پیٹرول پمپس پر لائنیں لگیں، نہ لمبی قطاریں لگیں اور نہ ہی عوام کو کسی قسم کی پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا سامنا کرنا پڑا۔ ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے وفاق اور صوبوں کا باہمی تعاون مثالی رہا جس پر میں تمام صوبائی وزرائے اعلیٰ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے عالمی مہنگائی کی لہر سے عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے۔
وزیراعظم نے مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان کے کلیدی کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جو کہ ایک تاریخی دستاویز ہے اور یہ عزت و اکرام اللہ نے تمام پاکستانیوں کو عطا فرمایا ہے۔ انہوں نے خصوصی طور پر عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت یہ امن معاہدہ ممکن ہو سکا۔
انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور حکومت کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا جو امن کی ان کوششوں میں خلوصِ نیت کے ساتھ سرگرم رہی۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے اپنی معاشی ٹیم، جن میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری پیٹرولیم اور چیئرمین ایف بی آر شامل ہیں، کی شب و روز کی کوششوں کو زبردست الفاظ میں سراہا جنہوں نے معاشی بحران کے دوران ملکی معیشت کو سنبھالنے میں قابلِ قدر خدمات سرانجام دیں۔
وزیراعظم نےاس عزم کا اعادہ کیا کہ معاشی استحکام کو برقرار رکھنا اور مہنگائی کی شرح میں مزید کمی لا کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح رہے گی۔




