اسلام آباد ( نئی تازہ ڈیسک) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی چھ مقدمات میں اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں عبوری ضمانت میں 9 ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ کی عدالت میں درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کی سماعت ہوئی۔ عمران خان کی عدم حاضری کے باعث منگل کو بھی ان کی درخواستوں پر دلائل پیش نہ کیے جا سکے، جب کہ بشریٰ بی بی کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ بھی نہیں سنایا جا سکا۔
یاد رہے کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر عمران خان کو پیش کرنے یا ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے تھے، تاہم اس پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ عمران خان کی جانب سے ایڈووکیٹ خالد یوسف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔
عمران خان کے خلاف احتجاج، توڑ پھوڑ، اور اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت پانچ مقدمات درج ہیں، جبکہ توشہ خانہ کیس میں جعلی رسیدیں جمع کرانے پر ان اور بشریٰ بی بی کے خلاف بھی مقدمہ درج ہے۔
اڈیالہ جیل میں آج وکلا اور اہل خانہ کی عمران خان سے ملاقات
دوسری جانب اڈیالہ جیل راولپنڈی میں آج منگل کو عمران خان سے ملاقات کا دن مقرر ہے۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کے کوآرڈی نیٹر انتظار حسین پنجوتھا کی جانب سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست جیل حکام کو بھجوا دی گئی ہے۔
فہرست کے مطابق بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، نعیم بخاری، اور نیاز اللہ نیازی ملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وکلاء ظہیر عباس اور ہارون نواز کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی تینوں بہنیں اور دیگر قریبی رشتہ دار بھی آج ملاقات کے لیے جیل آئیں گے۔