جہلم ( نئی تازہ ڈیسک) نواحی گاؤں سندھو کلاں میں اغوا کی ایک دلیرانہ کوشش کو مقامی شہریوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا، جس کے نتیجے میں دو مسلح نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ایک نوجوان، جس کی حال ہی میں منگنی ٹوٹی تھی، لاہور سے پسٹل لے کر اپنے ایک دوست کے ہمراہ سرائے مغل پہنچا تاکہ اپنی سابقہ منگیتر کو اغوا کر سکے۔ دونوں ملزمان اسلحے کے زور پر 18 سالہ لڑکی کے گھر میں داخل ہوئے اور اسے پسٹل دکھا کر موٹر سائیکل پر بٹھا لیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے گھر والوں اور قریب آنے والے افراد کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، لیکن گھر والوں کے شور مچانے پر اہل علاقہ فوری طور پر جمع ہو گئے اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں نوجوانوں کو قابو کر لیا۔ لڑکی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا اور دونوں ملزمان کو تھانہ سرائے مغل پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔