اسلام آباد ( نئی تازہ ڈیسک) اسلام آباد ایمپلائز سوشیل سیکیورٹی ادارے (IESSI) نے ہمک انڈسٹریل ایریا میں اپنے پہلے میڈیکل سینٹر کے افتتاح کے ساتھ ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔ اس پر وقار تقریب میں 150 سے زائد نجی صنعتی و تجارتی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی، جو محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے بزنس کمیونٹی کے مضبوط عزم کی عکاس ہے۔
اس سینٹر کے لیے زمین معروف صنعتکار میاں محمد اشرف، ڈائریکٹر ایم آئی اے پرائیویٹ لمیٹڈ، نے عطیہ کی، جب کہ معروف کاروباری شخصیت محمد نعیم چوہدری، سی ای او سیور فوڈز، نے اس کی تعمیر و تزئین کی مکمل ذمہ داری اٹھائی۔ دونوں شخصیات کے اس جذبہ خیرسگالی اور کارپوریٹ سوشیل ریسپانسبیلٹی کے عملی مظاہرے کو سراہا گیا، جس سے ادارے کے ساتھ رجسٹرڈ ہمک اور گردونواح کے کم آمدنی والے مزدوروں کو صحت کی سہولت میسر آئے گی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین گورننگ باڈی IESSI، محمد علی رندھاوا نے منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کمشنر IESSI رابعہ اورنگزیب کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اسی ماڈل کے تحت اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں مزید چار سوشیل سیکیورٹی میڈیکل سینٹرز قائم کیے جائیں گے، جن کے لیے کارپوریٹ سیکٹر کے ساتھ شراکت داری کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف ایک عمارت نہیں بلکہ عوامی خدمات کو عوام کے قریب لانے کے ہمارے وژن کی عکاسی ہے۔
نئے میڈیکل سینٹر میں ماہر ڈاکٹرز، گائناکالوجسٹ اور میڈیکل آفیسر کی خدمات، مرد و خواتین وارڈز، اِن ہاؤس فارمیسی اور اسلام آباد ڈائیگناسٹک سینٹر کے تعاون سے ایک مکمل تشخیصی کلیکشن پوائنٹ سمیت تمام طبی سہولیات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گی۔ یہ سہولت IESSI کے ہیلتھ کیئر فریم ورک کے تحت کام کرے گی اور بیمہ شدہ افراد اور ان کے خاندانوں کو بروقت اور آسان علاج کی سہولت فراہم کرے گی۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، ایڈیشنل کمشنر IESSI کامران علی چیمہ، اور راولپنڈی ریسٹورنٹ، کیٹررز، سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد فاروق بھی شریک تھے۔
مہمانوں نے سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں موجود جدید طبی سہولیات کو سراہا۔ مقررین نے اسے ایک ماڈل منصوبہ قرار دیا جو ادارے کی معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا مظہر ہے۔