سندھ حکومت نے 19 فروری کو حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔ محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈپارٹمنٹ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 19 فروری بروز بدھ حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کی مناسبت سے تعطیل ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس دن تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
یاد رہے کہ حضرت لعل شہباز قلندر کا 773 واں عرس 17 فروری بروز پیر سے شروع ہوگا، جس میں سیہون شریف میں عقیدت مندوں کا رش شروع ہو جائے گا۔ عرس کی تقریبات میں زائرین دھمال ڈالتے ہوئے مزار کی طرف بڑھتے ہیں اور شام کے وقت ڈھول کی تھاپ پر دھمال کی محفلیں سجی ہوتی ہیں۔
سیہون میں عرس کی مناسبت سے تین بڑے جلوس نکالے جاتے ہیں اور اس موقع پر ضلع جامشورو میں 17 فروری کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو کے مطابق سیہون میں سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور پبلک سیکٹر کی تنظیمیں عرس کی تقریبات کے دوران عقیدت مندوں کی سہولت اور پرامن انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے بند رہیں گی۔