رمضان میں ہر ضلع میں چینی رعایتی قیمتوں پر فراہم کرنے کا فیصلہ سامنے آگیا، وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر ضلع میں رمضان کے مہینے میں چینی کے سٹالز قائم کیے جائیں گے۔ اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق یہ سٹالز میونسپل سطح پر لگائے جائیں گے تاکہ عوام کو چینی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ رمضان المبارک کے دوران چینی 130 روپے فی کلو فراہم کی جائے گی ۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندے، صوبائی سیکرٹریز اور کین کمشنرز نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن اور صوبائی انتظامیہ کو چینی کی دستیابی کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان سے تین دن قبل چینی کے سٹالز قائم کر دیے جائیں گے جو 27 رمضان تک جاری رہیں گے۔
رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ ایک شناختی کارڈ پر پانچ کلوگرام چینی خریدنے کی اجازت ہوگی، جبکہ چینی ایک اور دو کلو کی پیکنگ میں دستیاب ہوگی۔ چینی کے سٹالز کی نگرانی وفاقی وزراء اور چیف سیکرٹریز کریں گے۔