کراچی ( نئی تازہ نیوز) سندھ حکومت نے شہر میں ہونے والی شدید بارش کے بعد بدھ کو کراچی کے تمام نجی و سرکاری اسکولز بند رکھنے کا اعلان کردیا۔
سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اس حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ شہر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کی انتظامیہ، میئر کراچی اور مقامی حکومتوں کے نمائندے میدان میں موجود ہیں جبکہ نکاسی آب کا کام جاری ہے۔ ان کے بقول حکومتی مشینری پوری طرح فعال ہے، نالے چل رہے ہیں اور پانی نکالنے کا عمل جاری ہے، تاہم کم وقت میں زیادہ بارش کے باعث صفائی میں وقت لگ رہا ہے۔
سندھ کے وزیر تعلیم سردار شاہ نے بھی تصدیق کی کہ بدھ کے روز شہر میں اسکولز بند رہیں گے کیونکہ مزید بارشوں کا امکان ہے۔ شرجیل میمن نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ سندھ حکومت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
منگل کو ہونے والی طوفانی بارش سے شہر کی کئی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں اور ادھورے ترقیاتی منصوبوں نے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش 145 ملی میٹر گلشن حدید کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی، جو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے کے درمیان ہوئی۔ ملیر لیاقت مارکیٹ اور سرجانی ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں کم از کم چھ افراد جاں بحق ہوئے، جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔
شہریوں نے شکایت کی کہ سندھ حکومت اور میئر کراچی کے دعووں کے باوجود نکاسی آب کا نظام بری طرح ناکام نظر آیا۔ کئی مرکزی شاہراہیں اور علاقے گھنٹوں تک پانی میں ڈوبے رہے جس سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے۔