لاہو) نئی تازہ نیوز) معروف یوٹیوبر سعد الرحمن عرف ڈکی بھائی کے خلاف لاہور میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، سائبر کرائم اور دھوکہ دہی سمیت متعدد الزامات شامل ہیں۔
ایف آئی آرکے مطابق ڈکی بھائی پر پیکا ایکٹ کی دفعات 13، 14، 25 اور 26 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 420 اور 294-بی بھی شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر نمبر 196/2025 میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے مختلف آن لائن جوا کھیلنے والی ایپس کی تشہیر کی، جس سے نوجوانوں میں قماربازی کے رجحان کو فروغ ملا۔ حکام کے مطابق ملزم کے موبائل فون سے بھی اہم ڈیجیٹل شواہد حاصل کیے گئے ہیں۔
این سی سی آئی اے (NCCIA) حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔ ان کے مطابق ڈکی بھائی کو بارہا طلب کیا گیا لیکن وہ پیش نہ ہوئے۔
یاد رہے کہ ڈکی بھائی کو گزشتہ روز لاہور ایئرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ بیرون ملک روانہ ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کا نام پہلے ہی پروویژنل نیشنل آئیڈنٹیفکیشن لسٹ (PNIL) میں شامل تھا، جس کے باعث امیگریشن حکام نے انہیں روک کر این سی سی آئی اے کے حوالے کردیا۔