اسلام اباد ( نئی تازہ رپورٹ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آڈیولیکس کی تحقیقات کیلئے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
چیئرمین تحریک انصاف نے وکیل بابر اعوان کے توسط سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں وزارت قانون و انصاف اور وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیف جسٹس کی اجازت کے بغیر جوڈیشل کمیشن تشکیل نہیں دیا جا سکتا اور اس کیلئے کسی جج کو بھی نامزد نہیں کیا جاسکتا۔
عمران خان کی درخواست کے مطابق سپریم کورٹ کے کسی جج کے خلاف تحقیقات یا کارروائی کا فورم صرف سپریم جوڈیشل کونسل ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ اپنی 1999کے فیصلہ کے تحت کمیشن بنانے کا حکم دے جو آڈیو لیکس کی منصفانہ اور شفاف تحقیقات کرے جبکہ حکومت کی طرف سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔