کراچی (نئی تازہ رپورٹ ) سینٹرل جیل کراچی میں قید پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو رہا کردیا گیا۔ ان پربغاوت اور اشتعال انگیز تقاریر کرنے کے الزام میں کراچی اور خیبر پختونخوامیں مقدمات درج ہیں۔
علی وزیر کی جیل سے رہائی کے موقع پرپشتون تحفظ موومنٹ کے کارکنان نے سینٹرل جیل کے مرکزی دروازے پر ان کا استقبال کیا۔علی وزیر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 50 جنوبی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی ہیں۔ اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی وزیر کے وکیل قادر خان نے کہا کہ علی وزیر کی 3 دیگر مقدمات میں ضمانت منظور ہو چکی ہے۔
پولیس کے مطابق علی وزیر کے خلاف بغاوت، ہنگامہ آرائی سمیت متعدد الزامات ہیں، اور ان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں چار مقدمات درج ہیں، جبکہ وہ سہراب گوٹھ تھانے میں درج مقدمے میں بری ہو چکے ہیں۔واضح رہے کہ علی وزیر کو دسمبر 2020ء میں پشاور سے گرفتار کر کے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔