اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں نافذ پیٹرولیم قیمتوں کے نئے نظام کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی تازہ قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بدھ کے لیے موٹر اسپرٹ (پیٹرول) کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD) کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 320 روپے 73 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 367 روپے 21 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا تعین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے نظرثانی شدہ پیٹرولیم پرائسنگ میکنزم کے تحت کیا ہے۔
یہ نئی قیمتیں بدھ، 22 جولائی 2026 سے نافذ العمل ہو گئی ہیں اور اگلے جائزے تک مؤثر رہیں گی۔
واضح رہے کہ ملک میں حال ہی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا روزانہ نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت پہلے رائج پندرہ روزہ قیمتوں کے نظام کی جگہ اب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جا سکتا ہے۔
اس نظام کا مقصد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور روپے کی قدر میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق مقامی قیمتوں کو زیادہ تیزی سے ہم آہنگ کرنا ہے۔




