اسلام آباد ( نئی تازہ ڈیسک) صدرِ مملکت نے پاکستان نرسنگ و مڈوائفری کونسل کے صدارتی آرڈیننس کی منظوری دے دی ہے، جس کے نتیجے میں کونسل کے صدر، نائب صدر اور دیگر عہدیداران کو فارغ کر دیا گیا۔ آرڈیننس کے نفاذ کے بعد نرسنگ کونسل کے تمام اختیارات وزارتِ صحت کو منتقل کر دیے گئے ہیں۔
نئی 19 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو اپنے پہلے اجلاس میں کونسل کے لیے صدر اور نائب صدر کا انتخاب کرے گی۔ نرسنگ کونسل کے کسی بھی فیصلے کو منظور یا مسترد کرنے کا اختیار صرف سیکرٹری صحت کو حاصل ہوگا۔
وفاقی سیکرٹری صحت، وفاقی ڈی جی صحت اور چاروں صوبوں کے ڈی جی نرسنگ کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ ہر صوبے سے نجی شعبے کی ایک نرس، ایک لیڈی ہیلتھ وزیٹر (ایل ایچ وی) اور ایک مڈوائف کمیٹی کا حصہ ہوں گی، جبکہ آرمڈ فورسز نرسنگ کی چیف نرس بھی کمیٹی میں شامل ہو گی۔
وزیرِ اعظم کی منظوری سے وزارتِ صحت کی جانب سے نامزد کیے گئے افراد بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ تمام ممبران کو تین سال کے لیے تعینات کیا جائے گا۔ ایک مخیر شخصیت، ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اور ایک قانونی ماہر کی تقرری کے لیے اشتہار دیا جائے گا۔
کونسل تین سال کے لیے سیکرٹری کا تقرر کرے گی، جو مسابقتی عمل کے تحت ہوگا۔ کونسل کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ روزمرہ امور کی انجام دہی کے لیے ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دے۔