لاہور( نئی تازہ نیوز) پنجاب بھر میں یکم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت ڈبل سواری سمیت کئی دیگر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے صوبے میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے، جو یکم محرم سے 10 محرم، یعنی 27 جون سے 6 جولائی 2025 تک مؤثر رہے گا۔
محکمہ داخلہ نے دفعہ 144 کے نفاذ کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ ان احکامات کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے تاکہ عوام بروقت آگاہ ہو سکیں اور قانون پر عمل درآمد ممکن بنایا جا سکے۔
اس قانون کے تحت حکومت نے سات مختلف نوعیت کی پابندیاں عائد کی ہیں، جن کا مقصد عوامی تحفظ کو یقینی بنانا اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق محرم کے دوران صرف اجازت یافتہ جلوسوں اور مجالس کی اجازت ہو گی۔ عوامی مقامات پرمجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر ہتھیار، آتش گیر مواد یا ان کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی۔
ایسے نعرے، اشارے یا بیانات جو کسی فرقے یا قومیت کے جذبات کو بھڑکائیں، ان پر سخت پابندی ہو گی۔ اسی طرح، سوشل میڈیا سمیت کسی بھی پلیٹ فارم پر فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت پھیلانے والے تبصرے دفعہ 144 کی زد میں آئیں گے۔
جلوس کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر مورچے بنانے، پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا اکٹھا کرنے پر بھی مکمل پابندی عائد ہو گی۔ اسی طرح جلوس دیکھنے کے لیے راستے میں کھڑے ہونے، دکانوں کے تھڑوں پر بیٹھنے یا ہجوم کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔
پنجاب حکومت نے 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کی ہے، تاہم باقی تمام پابندیاں پورے عشرہ محرم، یعنی یکم سے 10 محرم تک لاگو رہیں گی۔ تاہم بزرگ شہری، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔