وفاقی وزیر برائے نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ، اور مواصلات عبدالعلیم خان سے وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے شمالی علاقہ جات میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے کردار، مواصلاتی نظام کی توسیع، اور نقل و حمل کے ذرائع کو بہتر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ شمالی علاقہ جات سیاحت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں، اور گلگت بلتستان کی ترقی پاکستان کی خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ذریعے ان علاقوں میں روڈ نیٹ ورک کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سال ہزاروں سیاح گلگت بلتستان کا رخ کرتے ہیں، جو خطے کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس تناظر میں وفاقی وزیر نے سیاحوں کے لیے ٹول ٹیکس متعارف کرانے کی تجویز پیش کی، جس سے حاصل ہونے والی آمدنی این ایچ اے کے روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری پر خرچ کی جائے گی۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان کے مقامی باشندے اس ٹول ٹیکس سے مستثنیٰ ہوں گے۔
وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے وفاقی وزیر کے ترقیاتی اقدامات کی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت این ایچ اے کے ساتھ مل کر خطے کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کرے گی۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے پاکستان میں آذربائیجان کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کو سراہا، خاص طور پر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے شعبے میں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، اور M-6 اور M-9 موٹرویز جیسے بڑے روڈ پراجیکٹس میں سرمایہ کاری دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا: رمضان المبارک کے پیش نظر میٹرک، انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی، نئی تاریخوں کا اعلان
وفاقی وزیر نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے متوقع دورہ آذربائیجان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اہم سرمایہ کاری معاہدوں پر عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے آذربائیجان کے سرمایہ کاروں کو مکمل سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے پاکستان کے اقدامات کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے دورے کو دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔