اسلام آباد: مالی سال 2026-27 کا وفاقی بجٹ اب 10 جون کے بجائے 12 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس 10 جون کو طلب کر لیے ہیں۔ قومی اسمبلی کا اجلاس شام 5 بجے جبکہ سینیٹ کا اجلاس سہ پہر 4 بجے منعقد ہوگا۔
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ جمعہ 12 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کی توقع ہے۔ وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب بجٹ پیش کریں گے۔
یاد رہے کہ وفاقی بجٹ کی پیشی کی تاریخ میں ایک بار پھر تبدیلی سامنے آئی ہے۔ ابتدا میں بجٹ 5 جون کو پیش کیے جانے کی اطلاعات تھیں، بعد ازاں 10 جون کی تاریخ زیرِ غور رہی، تاہم تازہ حکومتی اشاروں کے مطابق بجٹ اب 12 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس ایسے وقت میں طلب کیے گئے ہیں جب حکومت آئندہ مالی سال کے لیے اپنی مالیاتی ترجیحات اور معاشی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دے رہی ہے۔



