اسلام آباد ( نئی تازہ ڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان بوائے اسکاوٹس کے چیف کمشنر کے عہدے سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے سرفراز قمر ڈاہا کو بحال کر دیا جبکہ ڈاکٹر ریاض کی تعیناتی کو غیر قانونی قرار دے دیا۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے یہ فیصلہ تحریری صورت میں جاری کیا۔
یاد رہے کہ سرفراز قمر ڈاہا نے اپنی برطرفی کے خلاف وکیل قاسم اقبال جلالی کے توسط سے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ڈاہا 2023 میں باقاعدہ انتخاب کے ذریعے چیف کمشنر منتخب ہوئے تھے، تاہم صدر مملکت آصف علی زرداری نے 31 اگست 2025 کو جاری حکم نامے کے تحت انہیں ہٹا کر ڈاکٹر ریاض کو تعینات کر دیا تھا۔
ہائیکورٹ نے صدر کا یہ اقدام غیر قانونی قرار دیتے ہوئے متعلقہ نوٹیفکیشن کالعدم کر دیا اور ڈاہا کو دوبارہ عہدے پر بحال کر دیا۔
عدالت نے مزید قرار دیا کہ آئندہ الیکشن کا عمل جاری ہے اور چیف کمشنر کی تقرری مستقبل میں شفاف انتخاب کے ذریعے عمل میں آئے گی۔