نیویارک ( نئی تازہ ڈیسک) اقوام متحدہ نے پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں اور تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری امداد کے لیے ہنگامی اقدام اٹھاتے ہوئے 6 لاکھ امریکی ڈالر جاری کر دیے ہیں۔
یو این سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے نیویارک میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پچھلے دس دنوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں پاکستان میں 400 سے زائد افراد جاں بحق اور 190 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق سیلاب کے باعث 20 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں جنہیں پناہ گاہوں، طبی سہولتوں اور مالی امداد کی فوری ضرورت ہے۔ متاثرہ علاقوں میں صاف پانی، حفظانِ صحت کے سامان اور خاص طور پر خواتین و بچیوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ 26 جون سے جاری مون سون بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ مقامی حکام کے مطابق اب تک 798 افراد جاں بحق اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرے اور متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھے۔ ترجمان کے مطابق یو این ایجنسیز، مقامی حکام اور شراکت دار ادارے متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔