اسلام آباد ( نئی تازہ ڈیسک) وفاقی حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 84 پیسے فی لیٹر کمی کردی جبکہ پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق کمی کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 272 روپے 99 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے، جبکہ پیٹرول بدستور 264 روپے 61 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 7 روپے 19 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 178 روپے 27 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل 8 روپے 20 پیسے کمی کے بعد 162 روپے 37 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
نئی قیمتوں کا اطلاق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ 31 جولائی کو حکومت نے یکم تا 15 اگست کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل ایک روپے 48 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا۔
حالیہ دنوں میں میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور شرح مبادلہ کے فرق کے باعث 16 اگست سے پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 40 پیسے اضافے اور ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 50 پیسے فی لیٹر تک کمی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ تاہم حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا۔