اسلام آباد( نئی تازہ ڈیسک) وفاقی وزارت داخلہ نے ملک بھر میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو 10 جولائی سے ایسے افراد کی گرفتاری کی ہدایت جاری کر دی ہے جو بغیر قانونی دستاویزات یا مؤثر ویزا کے پاکستان میں مقیم ہیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، انسپکٹر جنرلز (آئی جیز) پولیس اور اسلام آباد انتظامیہ کو حکومت کے غیرقانونی غیرملکیوں کی واپسی کے منصوبے (Illegal Foreigners Repatriation Plan – IFRP) پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 10 جولائی 2026 سے ایسے تمام افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو پاکستان میں بغیر کسی قانونی دستاویز یا کارآمد ویزا کے مقیم پائے جائیں گے۔
وزارت داخلہ نے صوبائی حکومتوں اور اسلام آباد انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ 11 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر گرفتاریوں اور دیگر کارروائیوں کی تفصیلی رپورٹ وزارت کو ارسال کی جائے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کو حکومت نے ترجیحی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے، جبکہ وفاقی اور صوبائی اداروں کو اس سلسلے میں باہمی تعاون کے ساتھ مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام حکومت کی جانب سے غیرقانونی غیرملکیوں کی واپسی کے منصوبے کے تحت جاری مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد ملک میں بغیر قانونی دستاویزات کے مقیم غیرملکی شہریوں کے خلاف امیگریشن قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔



