اسلام آباد (نئی تازہ رپورٹ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایک بار پھر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث خوفزدہ شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پیش آنے والا دوسرا زلزلہ ہے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز راولپنڈی، اسلام آباد کے قریبی علاقے روات سے 15 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا جبکہ گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ کم گہرائی کے باعث جھٹکے متعدد علاقوں میں شدت سے محسوس کیے گئے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاوہ اٹک، صوابی اور ظفر وال میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔ شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ہفتہ اور جمعہ کی درمیانی شب صبح 2 بج کر 4 منٹ پر بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ اس زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی تھی اور اس کا مرکز ہندوکش، شمال مشرقی افغانستان میں تھا جبکہ گہرائی تقریباً 102 سے 114 کلومیٹر بتائی گئی۔
ہفتے کو آنے والا زلزلہ بھی اسلام آباد، راولپنڈی، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے کئی علاقوں میں محسوس کیا گیا تھا۔ پشاور، سوات، مالاکنڈ، دیر، مردان، ایبٹ آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا اور قصور سمیت متعدد شہروں میں شہری خوفزدہ ہوکر عمارتوں سے باہر نکل آئے تھے۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ہنگامی آپریشن سنٹر فعال ہے۔ اب تک دونوں زلزلوں سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔