آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ممکنہ شیڈول سامنے آ گیا، پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق ایونٹ کا پہلا میچ 19 فروری 2025 کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 23 فروری کو ایک نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے گا، جو ممکنہ طور پر دبئی ہو سکتا ہے۔ ایونٹ کے آغاز سے پہلے 12 سے 18 فروری تک سپورٹ پیریڈ رکھا جائے گا، جس میں ٹیموں کی آمد اور پریکٹس شامل ہے۔
ممکنہ شیڈول کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے 3، 3 میچز راولپنڈی اور کراچی میں ہوں گے، جب کہ ایک سیمی فائنل اور فائنل سمیت 5 میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان، بھارت اور آئی سی سی کے اتفاق کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد پاکستان اور ایک نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔ تین میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، جو ممکنہ طور پر دبئی میں ہوں گے۔ اگر بھارت فائنل میں پہنچتا ہے تو فائنل بھی نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے گا۔ لیکن اگر بھارت فائنل تک نہیں پہنچتا تو فائنل لاہور میں 9 مارچ کو ہوگا۔ فائنل کے لیے ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے۔