معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے اپنے مقبول اسٹیم فیڈ کو اب ہر عمر کے صارفین کے لیےکھول دیا ہے۔ اس سے قبل یہ فیڈ صرف نوجوانوں اور طلباء تک محدود تھا۔
مارچ 2023 میں متعارف کروائے گئے اس اسٹیم فیڈ میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی سے متعلق دلچسپ ویڈیوز شیئر کی جاتی ہیں۔ ٹک ٹاک کی طرف سے پہلے مرحلے میں امریکہ، برطانیہ اور آئرلینڈ جیسے ممالک میں اسٹیم کو کھولا گیا ہے۔ تاہم بعد میں اس فیڈ کو پوری دنیا میں کھولا جا سکتا ہے۔
اس فیڈ کو ہر عمر کے لیے کھولنے کا مقصد سائنس اور ٹیکنالوجی کے بارے میں لوگوں کی دلچسپی بڑھانا ہے۔ ٹک ٹاک نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں کی ہیں کہ اس فیڈ میں غلط معلومات نہ پھیل سکیں اور اس کے لیے معروف فیکٹ چیکنگ تنظیموں سے بھی معاہدے کیے ہیں۔
اسٹیم فیڈ کو اب بھی دنیا کے کئی ممالک میں متعارف نہیں کرایا گیا ہے لیکن ٹک ٹاک اسے آہستہ آہستہ تمام ممالک میں پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔