بھارتی ریاست گوا کے ایک نائٹ کلب میں خوفناک آگ بھڑک اٹھنے سے 23 افراد جان کی بازی ہار گئے، ہلاک شدگان میں عملے کے افراد اور غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق گوا کے ضلع ارپورہ میں واقع نائٹ کلب میں گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث اچانک آگ لگ گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔
واقعے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کاموں کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔
گوا کے وزیر اعلیٰ پرامود سوانت نے حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جانچا جائے گا کہ آیا عمارت میں آگ سے بچاؤ کے تقاضے اور حفاظتی قوانین پر عمل کیا گیا تھا یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غفلت ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے جبکہ جائے حادثہ سے مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔



