اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف اہم سیریز سے قبل کھلاڑیوں کی انجریز نے مشکل میں ڈال دیا ہے۔
تیز گیند بازحارث رؤف نے امریکہ میں جاری میجر لیگ کرکٹ (MLC) میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے ہیں، جہاں وہ سان فرانسسکو یونیکورنز کی نمائندگی کر رہے تھے۔ ٹیم کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ حارث رؤف اب ٹورنامنٹ میں مزید حصہ نہیں لے سکیں گے اور ان کی جگہ نیوزی لینڈ کے باؤلر بین لسٹر کو شامل کر لیا گیا ہے۔
حارث رؤف اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی تھے اور ان کی یہ انجری نہ صرف MLC میں ان کے سفر کو ختم کر چکی ہے، بلکہ بنگلہ دیش کے دورے میں ان کی شرکت بھی مشکوک ہو گئی ہے۔ ٹیم مینجمنٹ ان کی صحت کے امور کی نگرانی کر رہی ہے، لیکن مکمل صحت یابی میں وقت لگ سکتا ہے اور قومی ٹیم میں واپسی کے لیے میڈیکل کلیئرنس درکار ہوگی۔
دوسری طرف ٹی20 کے نائب کپتان اور آل راؤنڈر شاداب خان نے برطانیہ میں اپنے دائیں کندھے کا کامیاب آپریشن کروایا ہے۔ یہ آپریشن اس وقت کیا گیا جب انہیں مستقل درد اور تکلیف کا سامنا تھا۔
آپریشن کے بعد شاداب خان نے سوشل میڈیا پر ہسپتال کے بستر سے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: “الحمدللہ، آپریشن کامیاب رہا۔ اب بحالی اور ری ہیبلی ٹیشن کا مرحلہ ہے۔ آپ سب سے دعاؤں کی درخواست ہے۔”
ذرائع کے مطابق شاداب خان کو بحالی کے لیے کم از کم تین ماہ کا آرام درکار ہوگا، جس کی وجہ سے وہ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ ستمبر میں ہونے والے ایشیا کپ میں بھی ان کی شرکت غیر یقینی ہے۔