لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کا آج بدھ 22 فروری سے لاہور سے آغاز ہو رہا ہے، پارٹی ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں شاہ محمود قریشی سمیت چار سینئر رہنما اور دو سو کارکن رضاکارانہ طور پرگرفتاری دیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک آج لاہور سے شروع کی جارہی ہے، شاہ محمود قریشی دیگر رہنماؤں اور دو سو کارکنوں کے ہمراہ گرفتاری دیں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں عمر سرفراز چیمہ، سینیٹر ولید اقبال، مراد راس بھی کارکنوں کے ہمراہ گرفتاریاں دیں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر لاہور پولیس نے گرفتار نہ کیا تو پھر ملتان سے گرفتاری دوں گا۔
تحریک کے سلسلہ میں پی ٹی آئی خیبرپختونخوا نے بھی گرفتاریاں دینے کا شیڈول تیار کرلیا ہے۔ جس کے تحت پہلے مرحلے میں چار سابق ارکان صوبائی اسمبلی، ایک ایم این اے اور 100 کارکنان گرفتاریاں دیں گے۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی جیل بھرو تحریک کے پہلے روز ہی گرفتاری دیں گے۔
قبل ازیں پی ٹی آئی کے جاری کئے گئے شیڈول میں بتایا گیا کہ بائیس فروری سے یکم مارچ تک روزانہ 200 کارکنان گرفتاریاں دیں گے، 23 فروری کوپشاور سے ، 24 فروری کو راولپنڈی، 25 فروری ملتان، 26 فروری کو گوجرانوالہ اور 27 فروری کو سرگودھا سے گرفتاریاں دی جائیں گی۔اس حوالے سے لاہور میں حماد اظہر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا تھا کہ جیل بھرو تحریک کا آغاز بائیس فروری سے ہو گا، جس کے بعد سیکڑوں کارکن گرفتاریاں دیں گے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ شاہ محمود قریشی بھی رضاکارانہ طور پر گرفتاری پیش کریں گے۔