اسلام آباد: فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سی ایس ایس 2027 کے تحریری امتحان کے لیے آن لائن درخواستیں طلب کی ہیں۔ صرف وہ امیدوار اہل ہوں گے جنہوں نے سی ای-2027 کا ایم سی کیو بیسڈ پریلیمنری ٹیسٹ (ایم پی ٹی) پاس کیا ہو گا۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ امیدوار 25 نومبر تک آن لائن درخواست جمع کروائیں، جبکہ دستخط شدہ ہارڈ کاپی اور مطلوبہ دستاویزات 4 دسمبر تک ایف پی ایس سی کو پہنچنی چاہئیں۔ تحریری امتحان 27 جنوری 2027 کو ملک کے 19 شہروں میں ہوگا۔
امیدواروں کے پاس کم از کم سیکنڈ ڈویژن بیچلر ڈگری اور 31 دسمبر 2026 تک عمر 21 سے 30 سال ہونی چاہیے۔ اہل زمرے کے امیدواروں کو عمر میں دو سال کی چھوٹ حاصل ہے۔ امتحان فیس 2200 روپے ہے، جو 16 ہندسوں کے پی ایس آئی ڈی اور 1Link کے ذریعے ادا کی جائے گی۔ درخواست کے لیے ویب سائٹ پر لاگ ان کرنا، اختیاری مضامین، occupational groups اور امتحانی مرکز منتخب کرنا ضروری ہے۔
سی ایس ایس میں عمر کی حد اور کوششوں کی تعداد میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے عمر کی حد 30 سے 35 سال کرنے اور کوششوں کی تعداد تین سے پانچ کرنے کی سفارشات مسترد کر دی تھیں، جبکہ ایف پی ایس سی کے 174ویں اجلاس میں بھی موجودہ قواعد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سی ایس ایس 2027 کا ایم پی ٹی 10 اکتوبر کو ہوا اور نتائج نومبر کے آغاز میں جاری کیے گئے۔ اطلاعات کے مطابق 42 ہزار سے زائد امیدوار پریلیمنری ٹیسٹ پاس کر کے تحریری امتحان کے لیے اہل قرار پائے ہیں۔



